جامعہ کراچی کو سیکیورٹی بہتر بنانے کیلئے پی سی ون بنانے کی ہدایت

May 17, 2022

فائل فوٹو

وفاقی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری نے جامعہ کراچی کو اپنی سیکیورٹی کا نظام بہتر بنانے کے لیے فوری پی سی ون بنانے کی ہدایت کی ہے۔

چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری نےجامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے دورے کے موقع پر کہا کہ جامعہ کراچی کی سخت سیکیورٹی کے لیے جامع پی سی ون بنائیں، ایچ ای سی اس کے لیے فنڈز فراہم کرے گی۔

ڈاکٹر طارق بنوری نے خود کش حملے کے نتیجے میں چینی اساتذہ کی ہلاکت کے واقع ہر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور اسے بڑا نقصان قرار دیا۔

اس موقع پر قائم مقام عبوری وائس چانسلر ڈاکٹر ناصرہ خاتون اور قائم مقام رجسٹرار مقصود انصاری بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ جدید سیکیورٹی جامعہ کراچی کے لیے ضروری ہے تاکہ بلاخوف طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی جامعات کو دہشت گرد کارروائیوں سے بچنے کے لیے فل پروف سیکیورٹی سسٹم واضح کرنے کی ضرورت ہے۔

بعد اذاں جنگ سے گفگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ عدالتی احکامات کے تناظر میں ہائیرایجوکیشن کمیشن نے جامعہ کراچی میں مستقل وائس چانسلر کے تقرر کے سلسلے میں امیدواروں کے تحقیقی پرچوں کی رپورٹ تلاش کمیٹی کو بھیج دی ہے جبکہ اسناد کی تصدیق کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے، اب یہ تلاش کمیٹی پر منحصر ہے کہ وہ کب امیدواروں کے انٹرویو کرتی ہے۔