رجسٹریشن وٹرانسفرکیلئے مالک ،خریداراور گاڑی کی موجودگی لازمی قرار

May 22, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی جانب سے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر ملکیت کے موقع پر مالک و خریدار سمیت گاڑی کی موجودگی بھی لازمی قرار دے دی ہے اور باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، ذرائع کے مطابق صوبہ بھر میں گاڑیوں کی بوگس رجسٹریشن اور ٹرانسفر کی بڑھتی شکایات کے پیش نظر محکمہ ایکسائز نے نئی پالیسی جاری کردی ہے، محکمہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 23 مئی سوموار سے گاڑیوں کی فزیکل ویری فیکیشن لازمی قرار دے دی گئی ہے محکمہ ایکسائز پنجاب نے صوبہ بھر کے دفاتر کو نئی پالیسی پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں، نئی گاڑی کی رجسٹریشن کے لیے کاغذات جمع کرانے کے وقت گاڑی ہمراہ ہونا ضروری ہو گا جبکہ پرانی گاڑیوں کے ٹرانسفر کے وقت بھی فزیکل ویری فیکیشن لازمی کی جائے گی، فزیکل ویری فیکیشن کے بغیر گاڑی رجسٹرڈ یا ٹرانسفر کرنے پر ملازمین کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔