ترسیلاتِ زر میں اضافہ

May 24, 2022

بیرونِ ملک مقیم اہلِ وطن کے لیے روشن پاکستان ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم میں،جو ستمبر 2020میں متعارف کی گئی تھی، 175ملکوں میں مقیم پاکستانی اب تک تین لاکھ 65 ہزار سے زیادہ اکاؤنٹ کھلوا چکے ہیں۔ یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ متذکرہ کھاتے کے ذریعے گزشتہ ماہ کے اختتام تک 4اعشاریہ 167ارب ڈالر کی ترسیلات زر ملک میں آئیں۔ اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اپریل کے اختتام پر مارچ کے مقابلے میں 2اعشاریہ 45ملین ڈالر کی اضافی ترسیلات موصول ہوئیں۔ مارچ میں یہ حجم 3اعشاریہ 92ارب ڈالر تھا جو اپریل میں بڑھ کر 4اعشاریہ 167ارب ڈالر سے تجاوز گرگیا۔ اس وقت 95لاکھ کے قریب پاکستانی دوسرے ملکوں میں مقیم ہیں جو اپنے پیاروں کے لئے ترسیلات بھیجتے ہیں۔ روشن پاکستان ڈیجیٹل اکاؤنٹ پروگرام نے انھیں رقوم بھیجنے، حتیٰ کہ یوٹیلٹی بل، تعلیمی فیسوں کی ادائیگیاں اور ای کامرس کی فراہمی آسان بنادی ہے۔ اس غرض سے ملک کے 8کمرشل بینک خدمات فراہم کررہے ہیں۔ متذکرہ اسکیم کا دائرہ کار مزید وسیع کیے جانے خاصے امکانات موجود ہیں، خصوصاً مشرق وسطیٰ میں مقیم اہل وطن کو اس سے آگاہی کی جانی چاہیے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ ہر آنے والی حکومت سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہوکر عظیم تر ملکی مفاد میں اس اسکیم کو مزید فعال بنانے کی سعی کرتے ہوئے وطن عزیز میں محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے۔ زر مبادلہ کے ذخائر کا حجم اطمینان بخش بنانے میں جو عوامل بنیادی حیثیت رکھتے ہیں ان میں برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ اور غیر ملکی سرمایہ کاری خصوصی اہمیت کے حامل ہیں مزید برآں ایک سیاحتی ملک ہونے کے ناتے اس شعبے کوزیادہ سے زیادہ فعال بنانے سے غیر ملکی سیاحوں کے ذریعے سے کثیر زرمبادلہ پاکستان آسکتا ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998