مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کوبھارتی قوانین پر سزا نہیں ہوسکتی، صدر آزاد کشمیر

June 14, 2022

وولورہمپٹن/ برمنگھم( آصف محمود براہٹلوی) اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے ۔ وہاں کے شہریوں کو بھارتی قوانین کے تحت سزا نہیں ہو سکتی، ہم قانونی معاملات کےمطابق یٰسین ملک کا کیس پاکستان کی وساطت سے عالمی عدالت انصاف اور اقوام متحدہ میں اٹھائیں گے۔ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے تحریک انصاف کشمیر کے پارلیمانی امیدوار ناظم حسین، بیرسٹر کرامت حسین ودیگر پارٹی رہنماؤں اور قانونی ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ صدر آزاد کشمیرکا کہنا تھا کہ برطانیہ سے چلنے والی کوئی بھی تحریک بالآخر کامیابی سے ہمکنا ہوتی ہے اور کشمیری اسیران بھی ایک روز آزاد ہوں گے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کہنا تھا بھارت ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت کو مختلف حربوں کے ذریعے راستے سے ہٹا رہا ہے،لیکن یہ یاد رکھاجائے جب کوئی تحریک قیادت کے بغیر چلتی ہے تو وہ کسی کے ہاتھ میں نہیں رہتی ، عین ممکن ہی لوگ ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہو جائیں، اس کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہو گی۔ دریں اثنابیرسٹر سلطان محمود نے اپنے دورہ برطانیہ کے پہلے مرحلے میں کشمیر تحریک انصاف کے پارلیمانی امیدوار و سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ضلع کوٹلی ناظم حسین کے ہاں وولوہپمٹن میں سفیان ناظم کی وفات پرفاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر بیرسٹر کرامت حسین، ناصر ،ڈاکٹر امیر چوہدری، شفیق چوہدری، راجہ صداقت خان، کونسلر سہیل خان، کونسلر راجہ قیصر عظیم، راجہ اویس خان، حاجی ارشاد، صفدر خان اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیرکا کہنا تھا ہم ہر فورم پر کشمیریوں کی مدد اور حمایت جاری رکھیں گے۔