شہزادہ لوئس کی معصوم حرکتیں وائرل

June 16, 2022

برطانوی ملکہ الزبتھ کی پلاٹینم جوبلی کی تقریبات کے دوران شہزادہ ولیم اور کیٹ کے بیٹے شہزادہ لوئس کی معصوم حرکتیں وائرل ہوگئیں۔

وائرل تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہزادہ لوئس نے ایک تقریب میں سیلر سوٹ زیب تن کیا ہوا ہے جس میں وہ اپنی دھن میں مگن بہت دلچسپ تاثرات دے رہے ہیں۔

ایک تقریب میں خاندان کے کئی افراد شہزادہ چارلس، شہزادہ ولیم، کیٹ مڈلٹن و دیگر ملکہ کے ساتھ شریک ہوئے اور تصاویر کھنچوائیں لیکن شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کے سب سے چھوٹے بیٹے شہزادہ لوئس اپنی بچکانہ شرارتوں کے باعث توجہ کا مرکز بنے رہے۔

4سالہ شہزادہ لوئس تقریب کے دوران مختلف چہرے بناتے رہے جبکہ انہوں نے فلائی پاسٹ کے دوران رائل ایئرفورس کے طیاروں کی آواز پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے کانوں پر ہاتھ رکھ لیے۔

بالکونی پر تصاویر بناتے ہوئے ایک موقع پر شہزادہ لوئس کو اپنی پردادی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ملکہ برطانیہ کی تخت نشینی کے ستر برس مکمل ہونے کی تقریبات کا آغاز 2 جون کو فوجی پریڈ کے ساتھ شروع ہوا تھاجب ملکہ الزبتھ دوم، شہزادہ چارلس، شہزادہ ولیم اور شاہی خاندان کے دیگر افراد کو سلامی پیش کی گئی تھی۔