وزیر اعظم شہباز شریف کی بہادر آئل ٹینکر ڈرائیور کیساتھ تصویر وائرل

June 16, 2022

تصویر بشکریہ ٹوئٹر

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بہادر آئل ٹینکر ڈرائیور شیر احمد عرف فیصل بلوچ کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’فیصل بلوچ سے مل کر ان کی بہادری کے لیے انہیں تمغہ شجاعت کے لیے نامزد کر کے خوشی ہوئی‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’فیصل بلوچ زندگی کے حقیقی ہیرو ہیں، اُنہوں نے دوسروں کی جان بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالی‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میںفیصل بلوچ کی بے لوث ہمت کو سراہتا ہوں‘۔

خیال رہے کہ آئل ٹینکر میں آگ لگنے کا واقعہ کوئٹہ کے نواحی علاقے قمبرانی روڈ پر پیش آیا تھا، جہاں پیٹرول پمپ پر کھڑے آئل ٹینکر میں اچانک آگ لگ گئی تھی۔

ڈرائیور فیصل آگ لگے ہوئے ٹینکر کو حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آبادی سے دور لے گیا تھا۔