پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 28 جون تک توسیع

June 17, 2022


—فائل فوٹو

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 28 جون تک توسیع کر دی۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماحماد اظہر، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، عمیر نیازی، مراد راس، جمشید چیمہ، مسرت جمشید، اعجاز چوہدری، یاسر گیلانی، عندلیب عباس اور دیگر لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے۔

تمام رہنماؤں نے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں حاضری مکمل کروائی۔

سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں پیش کی گئی۔

تحریکِ انصاف کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ شفقت محمود کا آپریشن ہوا ہے، انہیں آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس ابھی تک ملزمان کو الزام ہی نہیں بتا رہی، پولیس الزام کی بابت معلومات دے گی تو حتمی بحث کریں گے۔

پولیس کی جانب سے عدالت نے کو بتایا گیا کہ کچھ ملزمان شاملِ تفتیش ہوئے ہیں اور کچھ ابھی شاملِ تفتیش نہیں ہیں۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 28 جون تک توسیع کر دی۔

تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کی پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹِ گرفتاری

واضح رہے کہ لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے الزام میں پی ٹی آئی رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، شفقت محمود، حماد اظہر، ندیم بارا، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری سمیت 13 دیگر افراد کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے۔

عدالت نے وارنٹِ گرفتاری تھانہ شاہدرہ پولیس کی درخواست پر جاری کیے تھے۔

عبوری ضمانت

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے شفقت محمود، حماد اظہر، اسلم اقبال اور یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی کے 13 رہنماؤں کی ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کی تھی۔

بعد میں لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کی ایڈیشنل سیشن جج صائمہ قریشی نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی کے 9 رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 18جون تک توسیع بھی کی تھی۔