احتساب قانون میں 85 فیصد ترامیم پی ٹی آئی 2 آرڈیننسز سے لائی، اعظم نذیر تارڑ

June 20, 2022

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ احتساب قانون میں 85 فیصد ترامیم وہ ہیں جو پی ٹی آئی حکومت 2 آرڈیننسز کے ذریعے لائی۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ فاٹا انضمام سے متعلق ہمارے دور میں آئینی ترمیم ہوئیں، احتساب قانون میں 85 فیصد ترامیم وہ ہیں جو پی ٹی آئی حکومت 2 آرڈیننسز کےذریعے لائی۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نیب کو سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال کیا گیا، 2002ء میں ممبران کو اٹھا کر نیب یاترا کروا کے سرکاری پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑوائے گئے۔

وزیر قانون نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں سیاسی مخالفین کے خلاف نیب کا سہارا لیا گیا، دو بڑی جماعتوں کی غلطی تھی کہ انہیں یہ کالا قانون تبدیل کرنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں سیاسی مخالفین کے خلاف نیب کا سہارا لیا گیا، اس دور میں چیف جسٹس نے دکھ کے ساتھ کہا کہ نیب کو سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔