کراچی میں مصروفیات، بلاول بھٹو لاڑکانہ میں اپنا ووٹ کاسٹ نہ کرسکے

June 26, 2022

فوٹو: فائل

لاڑکانہ میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کر سکے۔

کراچی سے موصولہ اطلاع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری دادی کے انتقال کی وجہ سے کراچی میں مصروف رہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی والدہ کے انتقال پر آج کراچی میں بعض مذہبی رسومات ادا کی گئیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کراچی میں مذہبی رسومات میں مصروف رہے۔

واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران 14 اضلاع میں پولنگ ہوئی جو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔

پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے معرکے میں 21 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہیں جبکہ صوبے کے مختلف ڈویژنز سے ایک ہزار سے زائد امیدوار بلا مقابلہ منتخب بھی ہوچکے ہیں۔