عائشہ گلالئی کا عمران خان کیخلاف چیف جسٹس کو خط

June 28, 2022

فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے سابق وزیر اعظم کے خلاف چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کو خط لکھ دیا۔

عائشہ گلالئی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان آرمی سمیت ملکی اداروں پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں، پاک فوج کو سیاست میں گھسیٹ کر خانہ جنگی چاہتے ہیں۔

انہوں نے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین بار بار نیوٹرل کا لفظ استعمال کر کے اداروں کو دھمکا رہے ہیں، سابق وزیر اعظم کیخلاف ازخود نوٹس لے کر غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔

اپنے خط میں سابق رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی عائد کی جائے اور عمران خان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈالا جائے۔

واضح رہے کہ عائشہ گلالئی نے اگست 2017ء میں تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے عمران خان پر سنگین الزامات لگائے اور کہا کہ ان کی وجہ سے پارٹی میں ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت محفوظ نہیں۔