بیل آؤٹ پیکیج: آئی ایم ایف کے سری لنکا سے مطالبات

June 30, 2022

عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے مالی بحران کے شکار سری لنکا کو بیل آؤٹ پیکیج سے پہلے کرپشن کم کرنے، ٹیکسوں میں اضافہ اور ایندھن پر سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں 20 جون سے موجود آئی ایم ایف کے وفد نے 10روزہ مذاکرات کے بعد جاری بیان میں کہا ہے کہ سری لنکا کو معیشت بچانے کے لیےکرپشن کا خاتمہ اور ٹیکسوں میں خاطر خواہ اضافہ کرنا چاہیے۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ بیل آؤٹ پیکیج سے قبل سری لنکا کو مالیاتی خسارہ ٹھیک کرنے اور دور رس ٹیکس اصلاحات کی فوری ضرورت ہے۔

عالمی مالیاتی ادارے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سری لنکن حکام نے اقتصادی اصلاحات کے پروگرام کی تشکیل میں کافی پیش رفت کی ہے۔ سری لنکن حکام کے ساتھ بیل آؤٹ پیکیج پر بات چیت جاری رکھیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سری لنکا نے حال ہی میں ٹیکس میں کٹوتیوں کی واپسی اور توانائی پر سبسڈیز کو کم کیاہے، جب کہ رواں سال ایندھن کی قیمتوں میں 400 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔