کراچی میں کل شام یا رات سے بارش کا امکان ہے، چیف میٹرولوجسٹ

July 02, 2022

بارش کے بعد کراچی کی زیب النسا اسٹریٹ کا ایک منظر، بشکریہ ٹوئٹر

کراچی میں کل شام یا رات سے بارش شروع ہونے کا امکان ہے،کل آندھی کا امکان بھی رہے گا۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز احمد کے مطابق 5 جولائی تک مون سون کا پہلا اسپیل سندھ پر اثر انداز رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ مون سون سسٹم مشرقی سندھ، راجستھان اور بحیرہ عرب میں موجود ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ مون سون سسٹم اتوار کی شام یا رات کو آندھی اور بارش کا سبب بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مون سون سسٹم کے پیچھے ایک اور سسٹم بھی موجود ہے، دوسرا مون سون اسپیل مشرقی بھارت اور خلیج بنگال میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسرا اسپیل پہلے سسٹم کے ختم ہونے کے 18 گھنٹے بعد اثرانداز ہوسکتا ہے۔