کراچی میں 530 عمارتیں ناقابل استعمال و رہائش قرار، دوبارہ انتباہی نوٹس جاری

July 03, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے صوبہ سندھ میں ساڑھے 6 سو سے زائد مخدوش عمارتیں خطرناک وناقابل استعمال قراردیتے ہوئے انہیں فوری خالی کرنے کے لئے ایک بار پھر انتباہی نوٹسزجاری کردیئے۔

ایس بی سی اے کے اعلامیے کے مطابق گنجان آباد علاقوں میں کسی بھی مخدوش و بوسیدہ عمارت کے بارے میں ادارے کوفوری اطلاع دی جائے۔

واضح رہے کہ ماہر تعمیراتی انجینئرز پر مشتمل ٹیکنیکل کمیٹی برائے خطرناک عمارات نے اب تک کراچی میں 530 اور پورے صوبے کی 681 عمارتیں تباہ حال اسٹرکچرکی بنیاد پرخطرناک، ناقابل استعمال و رہائش قراردی ہیں۔

اس ضمن میں ایس بی سی اے کی جانب سے ایک بار پھر خطرناک عمارتوں کے مکینوں اور استعمال کنندہ کو انتباہی نوٹسزکے اجراء سمیت ذرائع ابلاغ سے اشتہارات کے ذریعے بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کی خاطران عمارتوں کوفوری خالی کردیاجائے، کیوں کہ بارشوں کے سبب ان عمارتوں کے اچانک زمین بوس ہونے یا شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کے خدشات میں کئی گنااضافہ ہوجاتاہے۔