شیرانی کے قریب کوچ کھائی میں جا گری، 19 مسافر جاں بحق

July 03, 2022

بلوچستان کے ضلع شیرانی کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے19 افراد جاں بحق،12 زخمی ہوگئے۔

اسسٹنٹ کمشنر شیرانی کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد کو ژوب اور مغل کوٹ منتقل کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کوچ راولپنڈی سے کوئٹہ جارہی تھی،حادثہ خیبرپختونخوا کی حدود کے قریب پیش آیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر بس بارش کے باعث سڑک سے پھسل کر کھائی میں گری۔

وزیراعظم شہباز شریف سمیت اہم اعلیٰ سیاسی شخصیات نے اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کے حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

وزیراعظم نے حادثے کے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کوچ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

حمزہ شہباز نے بس حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔