ننھے طالبعلم کے جادو سے انٹرنیٹ صارفین پریشان

July 05, 2022

جادو دیکھنا نہ صرف بچوں بلکہ بڑوں کا بھی شوق ہوتا ہے، اسی لیے اب متعدد تقریبات میں مہمانوں کی تفریح کے لیے جادوگروں کا خصوصی طور پر انتظام کیا جاتا ہے۔

ہاتھوں کی صفائی دکھاتے ہوئے یہ جادو گر سب ہی کو حیران کر دیتے ہیں مگر انٹرنیٹ پر اسکول کا ننھا سا طالبِ علم ان سب ہی جادو گروں کو مات دیتا دکھائی دے رہا ہے۔

انٹرنیٹ پر وائرل ہوتی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچہ اپنے ہم جماعتوں کے ساتھ کلاس میں کھڑا سب کے سامنے جادو کر رہا ہے۔

اس بچے کا یہ جادو نہ صرف وہاں موجود بچوں اور ویڈیو بنانے والے فرد کو حیران کر رہا ہے بلکہ اب یہ ویڈیو ہزاروں انٹرنیٹ صارفین کو بھی پریشان کر چکی ہے۔

بچہ نہایت صفائی سے اپنے دونوں ہاتھوں میں پتھر پکڑ کر انہیں ڈیسک پر رکھتا ہے اور ہاتھ اُٹھانے پر اس کا ایک ہاتھ خالی ہوتا ہے جبکہ دوسرے ہاتھ کے نیچے غیر یقینی طور پر دونوں پتھر آ جاتے ہیں۔

یہ ویڈیو ناصرف تیزی سے شیئر کی جا رہی ہے بلکہ اسے انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے خوب پسند بھی کیا جا رہا ہے۔