بھارتی پنجاب، 300 یونٹ استعمال پر بجلی مفت دینے کا اعلان

July 05, 2022

تصویر بشکریہ —بھارتی اخبار

بھارتی ریاست پنجاب میں 300 یونٹ تک استعمال کرنے پر بجلی مفت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدامسیاسی جماعت عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے اقتدار میں آنے کے بعد بھارتی پنجاب کے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اٹھایا ہے۔

عام آدمی پارٹی کے سربراہ، صدر اور نئی دہلی کے وزیرِ اعلیٰ ارویند کیجریوال اور بھارتی پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ بھگونت مان کا کہنا ہے کہ مفت بجلی دینے کا راز یہ ہے کہ ہم بجلی کمپنیوں سے پیسے نہیں لیتے بلکہ نظام بحال کرتے ہیں۔

عام آدمی پارٹی کے صدر ارویند کیجریوال نے مزید کہا ہے کہ ہم نے نئی دہلی میں گزشتہ 7 سال میں بجلی کے نرخ بڑھنے نہیں دیے۔

دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ بھارتی پنجاب بھگونت مان نے 31 دسمبر 2021ء سے قبل کے تمام بجلی کے بل معاف کر دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بھی وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے گزشتہ روز صوبہ پنجاب میں 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو بجلی مفت دینےکا اعلان کیا تھا۔