بھارتی ایئر لائن کی پرواز کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

July 05, 2022

بھارتی ایئر لائن کی دہلی سے دبئی جانے والی پرواز نے کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنے والا بھارتی فضائی کمپنی کا طیارہ گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، جہاز فوری پرواز کے قابل نہیں، متبادل طیارے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کا بتانا ہے کہ پی آئی اے انجنئیرز نے سپاِس جیٹ کے طیارے کے خراب انجن لائیٹ انڈیکیٹر کا معائنہ کیا ہے، مسافروں کو منزل تک پہنچانے کے لیے متبادل طیارہ کراچی پہنچے گا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بھارتی طیارے میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے، جہاز کے مسافروں کو کھانے پینے کی اشیاء پہنچا دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایوی ایشن ذرائع کا بتانا تھا کہ پرواز ایس جی 11 میں پاکستان کی فضائی حدود میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی، بھارتی طیارے کے پائلٹ کے رابطہ کرنے پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طیارے کو لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بھارتی بوئنگ 737 طیارے نے کراچی ایئر پورٹ پر باحفاظت لینڈ کیا تھا۔

ترجمان سی اے اے کے مطابق انجینئرز طیارے کے انجن کا معائنہ کر کے خرابی دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایئر کرافٹ انجینئرز کی رپورٹ کے بعد ہی طیارے کو پرواز کے لیے کلیئرنس دی جائے گی۔

دوسری جانب ترجمان بھارتی ایئر لائن کا کہنا ہے کہ بھارتی طیارے کی کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ ہوئی ہے، طیارے کو انڈیکیٹر لائٹ کی خرابی کی وجہ سے کراچی کی طرف موڑا گیا تھا، جس نے بحفاظت کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی ہے۔

ترجمان بھارتی ایئر لاین کے مطابق مسافروں کو ریفریشمنٹ فراہم کی گئی ہیں، متبادل طیارہ کراچی بھیجا جا رہا ہے جو مسافروں کو دبئی لے جائے گا۔