مصدق ملک کا قومی سلامتی اجلاس سے متعلق بات کرنے سے گریز

July 05, 2022

وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس سے متعلق بات کرنے سے گریز کیا۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مصدق ملک نے کہا کہ ہم سیاسی طور پر بھی آگے بڑھ رہے ہیں، اقتصادی طور پر کچھ سختیاں ہیں، اس میں تھوڑا وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے ہمارے آرگنائزنگ اصول طے ہوگئے ہیں، کچھ معاملات ایک ڈیڑھ ہفتے میں طے ہوجائیں گے۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے پیسوں کی ریلیز کا عمل پھر شروع ہوگا، اللّٰہ اچھا کرے گا، ملک اس وقت محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

صحافی نے مصدق ملک سے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے اس حوالے سے بات کرنے سے گریز کیا۔