فرانسیسی صدر کا فلسطین اور اسرائیل مذاکرات بحال کرنے پر زور

July 05, 2022

فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون اور اسرائیلی وزیراعظم یائر لاپد گفتگو کر رہے ہیں - فوٹو: فائل

فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے اسرائیلی وزیراعظم یائر لاپد سے کہا ہے کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات بحال کریں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق انہوں نے یائر لاپد سے کہا کہ طویل عرصے سے منقطع ہونے والے عمل کو دوبارہ شروع کر کے آپ تاریخی شخصیت بن سکتے ہیں۔

دوسری طرف اسرائیلی وزیراعظم نے اپنی گفتگو میں فلسطین کے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

انہوں نے ایران کے جوہری پروگرام اور اسرائیل کے گیس ذخائر کو حزب اللّٰہ کی جانب سے خطرات سے آگاہ کیا۔

خیال رہے کہ اسرائیل کے نگران وزیراعظم بننے کے بعد یائر لاپد اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر فرانس پہنچے ہیں۔

فرانسیسی صدر اور یائر لاپد کے درمیان پچھلی ایک دہائی سے دوستی ہے کیونکہ لاپد اسرائیل کے وزیر خزانہ اور ایمانوئیل میکرون فرانس کے وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔