عمران ریاض کا کیس ڈسچارج، فوری رہائی کا حکم

July 07, 2022

فائل فوٹو

جوڈیشل مجسٹریٹ اٹک نے اینکر عمران ریاض کو کیس سے ڈسچارج کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم جاری کردیا۔

اٹک کے جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر تنویر نے ریمارکس دیے کہ اینکر عمران ریاض کسی اور مقدمے میں گرفتار نہیں تو انہیں رہا کیا جائے۔

رات کو سماعت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے اینکر عمران ریاض کو کیس سے ڈسچارج کرنے کا آٹھ صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔

اٹک پولیس نے اینکر عمران ریاض کو گرفتار کرکے 3 دن کےجسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران ریاض کی گرفتاری سے متعلق درخواست نمٹاتے ہوئے ان کے وکیل کو لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔