سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی، نئی تاریخ کا اعلان

July 20, 2022

الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے 24 جولائی کو ہونے والی پولنگ ملتوی کردی ہے، جو اب 28 اگست 2022ء کو ہوں گی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے التوا کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق محکمہ موسمیات نے سندھ میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث الیکشن کا سامان پہنچانا مشکل ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اس دوران انتخابی عملے اور ووٹرز کو بھی کراچی میں شدید بارشوں کے باعث مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی الیکشن ملتوی ہونے پر دوسرا مرحلہ محرم اور پھر یوم آزادی کی تقریبات کے باعث فوری طور پر کرانا ممکن نہیں ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی، حیدر آباد سمیت دیگر علاقوں میں بلدیاتی الیکشن کے التوا کا فیصلہ چیف سیکریٹری سندھ، متحدہ قومی موومنٹ، جی ڈی اے اور صوبائی الیکشن کمشنر کی درخواست پر کیا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ نے کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی کے باعث الیکشن کمیشن سے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ میں 24 جولائی کی جگہ اب سندھ بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ 28 اگست 2022ء کو ہوگی۔