کراچی میں شدید بارش، گرین لائن بس سروس کل بھی معطل رہے گی

July 24, 2022

کراچی میں آج ہونے والی موسلا دھار بارش میں شام گئے شدت کے بعد پیدا صورتحال کے باعث گرین لائن بس سروس پیر کو بھی معطل رہے گی۔

گرین لائن بس سروس آپریشن کو اتوار کی رات مقررہ وقت سے پہلے ہی معطل کر دیا گیا تھا۔

ترجمان بی آر ٹی ایس کے مطابق بارش میں تیزی اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے بی آر ٹی ایس کا آپریشن اتوار کی رات معمول کے وقت سے ایک گھنٹہ پہلے معطل کردیا گیا تھا۔

رات گئے تک گرین لائن بس سروس کا روٹ بیشتر مقامات پر زیر آب ہونے اور پیر کو بھی بارش کی پیش گوئی کی وجہ سے گرین لائن بس سروس کل (پیر) کی صبح بھی معطل رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ایسا مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔