کراچی: سپر ہائی وے سبزی منڈی ’مچھلی فارم‘ بن گئی

July 25, 2022

کراچی کے گرد و نواح میں شدید بارش ہوئی، جس کے باعث سپر ہائی وے کی سبزی منڈی ’مچھلی فارم‘ بن گئی۔

پہاڑوں میں تیز بارشوں کے بعد پانی کے ریلے نشیبی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔

کراچی کے گرد و نواح کے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے چھوٹے ڈیمز سے بھی پانی اوور فلو ہو کر نشیبی علاقوں کی طرف آ رہا ہے۔

طوفانی بارشوں کے بعد کراچی کی سبزی منڈی بھی جھیل بن گئی، منڈی تک پہنچے پانی میں مختلف سائز کی مچھلیاں بھی سبزی منڈی میں پہنچیں۔

جیو نیوز کو موصول ویڈیو میں شہریوں کی بڑی تعداد مختلف سائز کے کپڑے لے کر مچھلیاں پکڑنے میں مصروف دکھائی دی۔

سبزی منڈی میں 4 سے 8 انچ تک کی مچھلیاں آسانی سے شکار کی جارہی ہیں۔