پنجاب کے متعدد پولیس افسران کی یورپی یونین میں سیاسی پناہ کیلئے درخواستیں

August 05, 2022

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے متعدد پولیس افسروں نے یورپی یونین میں سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کرائی ہیں۔

راولپنڈی رینج سے تعلق رکھنے والے دو پولیس افسران نے سیاسی پناہ کی درخواستیں دی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے پولیس افسران اور جوانوں نے بڑی تعداد میں جانوں کا نذرانہ دیا ہے مگر عام حالات میں ہمیں ملازمت کے دوران کوئی تحفظ حاصل نہیں ہے۔

ہزاروں افسران اور ملازمین معمولی بات پر ملازمت سے برخاست ہو کر بے یار و مددگار بیٹھے ہیں۔

انہوں نے اپنی جبری برخاستگی کے خلاف اپیل کر رکھی ہیں مگر سالوں سے ہزاروں ملازمین کی اپیلیں زیر التوا ہیں۔

درجنوں پولیس افسران طویل عرصہ بعد سیاسی اثر و رسوخ سے بحال ہوئے ہیں لہٰذا ہم طویل چھٹیاں لے کر یورپی یونین پہنچ گئے اور مجبوری کے تحت سیاسی پناہ کی درخواستیں دے دیں۔

پولیس افسران نے بتایا کے دو تین سالوں میں متعدد افسران سیاسی پناہ حاصل کرچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی کیڈر سے سینٹر کیڈر میں جانے والے افسران کے ساتھ سابق حکومت نے امتیازی سلوک کیا جس کے باعث وہ بھی بیرون ممالک آنا شروع ہوگئے ہیں۔

پنجاب میں امن و امان کے لیے پولیس فورس کی کمی ہے مگر 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار برخاستگی کی اپیلوں کے انتظار میں بےروزگار بیٹھے ہیں۔