کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں، سینیٹ میں قرارداد متفقہ منظور

August 06, 2022

اسلام آباد(اے پی پی)سینیٹ نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت میں تبدیلی کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی حتمی حیثیت کا فیصلہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق آزادانہ رائے شماری کے ذریعے کیا جانا چاہیےجبکہ بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط کشمیر میں 5اگست 2019 کے بھارتی غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات کے خلاف اندرون وبیرون ملک جمعہ کو یوم استحصال بھرپور انداز سے منایا گیا‘ یوم استحصال کے موقع پر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک اور بیرون ملک ریلیوں اور جلسے جلوسوں کے علاوہ سیمینارز اور کانفرنسز سمیت متعدد تقریبات اور پروگرامز کا اہتمام کیا گیا۔ کشمیریوں کی حمایت میں ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں جن میں ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔ یوم استحصال کے موقع پر ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور سائرن بجا کر ٹریفک کو ایک منٹ کیلئے روک دیا گیا۔ وزارت خارجہ کے زیر اہتمام 5اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ بھارتی اقدامات کے خلاف دفتر خارجہ سے پارلیمنٹ ہائوس تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اوردفتر خارجہ کے عملہ ،حریت کانفرنس کے قائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی شریک ہوئے۔سول سوسائٹی کی تنظیموں نے بھی کشمیری عوام کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کیلئے سیمینارز اور دیگر پروگرامز کا اہتمام کیا۔پاکستان کے تمام شہروں کے علاوہ مظفر آباد سمیت آزادجموں وکشمیر کے تمام شہروں میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔