OIC فیکٹ فائنڈنگ مشن کی مقبوضہ کشمیر تک رسائی کی کوشش کرے، بلاول

August 06, 2022

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں انکی توجہ بھارتی کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیرکی سنگین صورتحال کی جانب دلائی گئی ہے اورکہا ہے کہ او آئی سی فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ علاقے تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرے۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو خط میں یاد دلایا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر میں وحشیانہ فوجی محاصرے اور مقبوضہ علاقے کے لوگوں کی بنیادی آزادیوں پر سخت پابندیوں کے ساتھ غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات نافذ کیے تھے، ان اقدامات کے بعد اضافی غیر قانونی اقدامات کئے گئے جن میں غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیاں اور کشمیری قیادت کی قید کی صورت میں سنگین مظالم شامل ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں؛ غیر قانونی گرفتاریوں اور فوجی آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات بین الاقوامی قانون اور چوتھے جنیوا کنونشن کے ساتھ ساتھ سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل او آئی سی کی قراردادوں کی بھی صریح خلاف ورزی ہیں ۔