اکشے کمار دنیا کے چھٹے امیر ترین اداکار ہیں، انوراگ کشپ کا انکشاف

August 08, 2022

بالی ووڈ کے ہدایت کار انوراگ کشپ نے اداکارہ تاپسی پنوں کے موازنے پر انکشاف کیا ہے کہ اکشے کمار دنیا کے چھٹے امیر ترین اداکار ہیں۔

تاپسی پنوں اور انوراگ کشپ اپنی فلم ’دوبارہ‘ کی تشہر میں مصروف ہیں، اس دوران انٹرویو میں اداکاہ نے اکشے کمار سے اپنا موازنہ کیا۔

تاپسی پنوں نے کہا کہ وہ بھی اکشے کمار کی طرح بہت ساری فلمیں کر رہی ہیں، مجھے شکایت ہے کہ ہم دونوں کو یکساں چیک نہیں ملتے، وہ زیادہ کماتے ہیں۔

اس دوران انوراگ کشپ نے انکشاف کیا کہ اکشے کمار اس وقت دنیا کے چھٹے امیر ترین اداکار ہیں۔

فلم دوبارہ 19 اگست کو سینما گھروں کی زنیت بنے گی، فلم کے ہدایت کار انوراگ کشپ ہیں جبکہ اسے ایکتا کپور نے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم من مرضیاں (2018ء) اور سانڈھ کی آنکھ (2019ء) کے بعد انوراگ اور تاپسی کی ایک ساتھ یہ تیسری فلم ہے۔

انٹرویو کے دوران تاپسی سے پوچھا گیا کہ ایک ٹوئٹ میں کسی نے انہیں لیڈی اکشے کمار کہا گیا تھا، جو بہت ساری فلمیں کررہی ہے۔

اس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ میں اس تعریف کو عاجزی کے ساتھ اُس وقت قبول کرلوں گی، جب ہمارا پے چیک یکساں ہوجائے گا، براہ کرم تب تک ایسا نہ کریں۔

تاپسی پنوں نے مزید کہا کہ وہ سب سے زیادہ کمانے والے اور ٹیکس دینے والے اداکار ہیں، میرا یہ سب کچھ اکشے کمار سے نہیں ملتا ہے۔

اس پر ساتھ بیٹھے انوراگ کشپ نے کہا کہ اکشے کمار دنیا کے چھٹے امیر ترین اداکار ہیں، اس پر تاپسی نے فوراً جواب دیا کہ میں تو اُن کے قریب بھی نہیں ہوں۔

فوربس انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اکشے کمار واحد بھارتی ہیں جو 2019ء میں دنیا میں زیادہ معاوضہ لینے والی امریکی فہرست میں شامل ہیں۔