برطانیہ: محکمۂ صحت نے ہیٹ ہیلتھ الرٹ جاری کر دیا

August 09, 2022

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

برطانیہ میں محکمۂ صحت کی جانب سےملک میں 1 ماہ کی ریکارڈ توڑ گرمی کے بعد رواں ہفتے مجموعی درجۂ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے ہیٹ ہیلتھ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

برطانیہ کی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی درجۂ حرارت عوام کو متاثر کر سکتا ہے، اس دوران پیش آنے والی صورتِ حال کو سنبھالنے کے لیے اور عوام کی صحت کی دیکھ بھال کرنے والے عملےکے انتظام میں مدد کرنے کے لیے یہ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق برطانوی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کے حکام کی جانب سے یہ الرٹ ملک میں منگل کی دوپہر سے ہفتے کو مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے تک نافذ رہے گا۔

یہ الرٹ پہلی دفعہ یکم جولائی کے بعد سامنے آیا تھا جب برطانیہ میں اب تک کا سب سے زیادہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہدرجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا اور اتنی شدید گرمی ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں جنگلات سمیت کئی مقامات پر لگنے والی آگ نے املاک کو تباہ کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں گرمی کے باعث مختلف مقامات پر آگ لگنے کی وجہ سے دوسری جنگ عظیم کے بعد اب پہلی بار لندن کے فائر بریگیڈ کے عملے کو مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آنے والے دنوں میں برطانیہ میں درجۂ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے جو جولائی کے مقابلے میں کم ہے۔

برطانیہ کے میٹ آفس کا کہنا ہے کہ اس دوران بھی انگلینڈ اور ویلز کے بہت سے علاقوں میں ہیٹ ویو کا امکان ہے۔