• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’بند کرو اسے‘، لائیو شو میں خلل کیوں آیا؟، احسن اقبال کی وضاحت آگئی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے لائیو انٹرویو کے دوران خلل پیش آنے پر وضاحت دے دی۔

گزشتہ شب نجی ٹی وی چینل کے لائیو انٹرویو کے دوران احسن اقبال اچانک اس وقت آف ایئر ہوگئے جب ان کا ویڈیو لنک منقطع ہوگیا۔

منقطع ہونے سے قبل ایک آواز سنی جاسکتی تھی کہ ’بند کرو اسے‘، جس کے بعد میزبان حیران اور ناظرین میں ایک تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم وفاقی وزیر اسی پروگرام میں کچھ ہی دیر بعد دوبارہ شامل ہوگئے اور میزبان نے ان کا خیرمقدم کیا۔

میزبان نے انہیں بتایا کہ اچانک رابطہ منقطع ہونے پر ناظرین تشویش میں مبتلا ہو گئے تھے اور کچھ لوگ پوچھ رہے تھے کہ ’کیا سب خیریت ہے؟‘، جس پر انہوں نے میزبان کو یقین دلاتے ہوئے کہا ’سب ٹھیک ہے۔‘

احسن اقبال کا جواب سن کر میزبان نے کہا کہ اگر واقعی سب کچھ درست ہے تو وہ مزید سوال نہیں کریں گے اور گفتگو دوبارہ وہیں سے جوڑتے ہوئے بتایا کہ پروگرام میں صرف ’آٹھ سے دس منٹ‘ باقی ہیں۔

یہاں یہ واضح رہے کہ ویڈیو لنک منقطع ہونے سے قبل احسن اقبال پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات سے متعلق گفتگو کر رہے تھے۔

بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے احسن اقبال نے تشویش کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ لائیو نشریات کے دوران مختصر خلل اس وقت پیش آیا جب قریب موجود ایک شخص کسی بحث میں مصروف تھا اور اسے معلوم نہیں تھا کہ میں لائیو آن ایئر ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں کچھ ہی دیر بعد دوبارہ انٹرویو میں شامل ہو گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس معاملے کو غیر ضروری طور پر سیاسی رنگ نہیں دیا جائے گا۔

دریں اثناء لائیو پروگرام میں خلل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے، جہاں واقعے سے متعلق مختلف دعوے سامنے آرہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے کہا کہ لائیو نشریات کے دوران کسی نے زبردستی ویڈیو کنکشن بند کر دیا ہے۔

بعدازاں ایک صحافی نے ایکس پر بتایا کہ انہوں نے احسن اقبال سے بات کی ہے۔ احسن اقبال کی اسلام آباد رہائش گاہ پر خاندانی تقریب جاری تھی، اسی دوران بچے غیر متوقع طور پر ان کی اسٹڈی میں داخل ہوگئے، جس کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی پروگرام میں واپس آ گئے تھے، جس کی تصدیق میزبان بھی کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں بتایا کہ انہوں نے بھی احسن اقبال سے بات کی ہے۔ ان کے مطابق بچے اچانک اسٹڈی روم میں دوڑتے ہوئے آ گئے تھے، تاہم اب سب کچھ ٹھیک ہے اور احسن اقبال نے پروگرام دوبارہ جوائن کر لیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید