ایران نے خلیج میں واقع اپنے جزیرے قشم کے قریب ایک غیر ملکی آئل ٹینکر تحویل میں لے لیا ہے، جس پر 40 لاکھ لیٹر اسمگل شدہ ایندھن لے جانے کا الزام ہے۔
حکام کے مطابق ٹینکر کا نام اور اس کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم بتایا گیا ہے کہ جہاز پر موجود 16 غیر ملکی عملے کے ارکان کو فوجداری الزامات کے تحت حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور اس غیر قانونی تجارت کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔
واضح رہے کہ ایران نے گزشتہ ہفتے بھی خلیج عمان میں ایک اور غیر ملکی ٹینکر کو ضبط کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس میں مبینہ طور پر 60 لاکھ لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل موجود تھا، اس معاملے میں بھی جہاز کی شناخت اور قومیت ظاہر نہیں کی گئی تھی۔