صبا قمر نے فلم ’لو آج کل‘ میں کام کرنے سے کیوں انکار کیا؟

August 10, 2022

صبا قمر، فائل فوٹو

پاکستانی اسٹار صبا قمر نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں فلم ’لو آج کل‘ اور ’دہلی6‘ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی جوکہ اُنہوں نے قبول نہیں کی۔

صبا قمر کا شمار پاکستانی فلم اور ٹیلی ویژن کی بہترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے اور وہ ملک کی واحد خاتون اداکارہ ہیں جنہیں فلم فیئر ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا۔

اُنہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ مجھے فلم ’لو آج کل‘ میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن اُنہوں نے یہ آفر قبول نہیں کی۔

اُنہوں نے آفر قبول نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ’کیونکہ دیپیکا پڈوکون اس فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہی تھیں اور مجھے اسی فلم میں ان کے مقابلے پر ایک کردار کی پیشکش ہوئی تھی جوکہ نسبتاََ بہت معمولی اور مختصر سا تھا، اس لیے مجھے لگا کہ دیپیکا کی وجہ سے ان کے کردار کو اسکرین پر خاص توجہ نہیں مل سکے گی‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’اب جب میں اس فلم کی پیشکش کو ٹھکرانے کے بارے میں سوچتی ہوں تو مجھے اپنا فیصلہ احمقانہ لگتا ہے‘۔

صبا قمر نے مزید بتایا کہ اور جہاں تک فلم ’دہلی 6‘ کی پیشکش کو ٹھکرانے کی بات ہے تو اس وقت تک انہیں اپنی والدہ سے بالی ووڈ فلموں میں کام کرنے کی اجازت نہیں ملی تھی۔

ادکارہ کو بالی ووڈ کے بڑے پروڈیوسرز اور ڈائیریکٹرز نے ہمیشہ اہم کرداروں کی پیشکش کی لیکن اُنہوں نے اپنے کچھ اصولوں اور شرائط کی وجہ سے انکار کردیا۔

صبا قمر نے مزید کہا کہ وہ صرف بالی ووڈ انڈسٹری کے بڑے ناموں کے ساتھ کام کریں گی کیونکہ وہ خود یہاں پاکستان کی سرِ فہرست اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ جس بھی فلم میں کام کریں گی، کبھی اس فلم کی پروڈکشن ٹیم کی اقدار پر سمجھوتہ نہیں کریں گی۔