ڈالر نہ گرتا تو حکومت مزید کمزور ہو جاتی، میاں زاہد حسین

August 11, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ اگرڈالرنہ گرتا توحکومت مزید کمزور ہو جاتی اورملک زبردست عدم استحکام کے بعد انتشار کا شکار ہوجاتا۔ انھوں نے نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین سے غلے کی برآمد شروع ہوگئی ہے جس سے دنیامیں خوراک کی کمی اورکئی غریب ممالک میں قحط کے خدشات کم ہورہے ہیں۔ اس سے قیمتوں میں کمی کا امکان بھی ہے مگراس میں کچھ وقت لگے گا۔ پاکستان میں تمام مداخل کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد اب ڈی اے پی کی قیمت میں بھی ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے جس سے گندم کی فصل کے بارے میں خدشات بڑھ گئے ہیں۔ حکومت دیگرممالک سے کم ازکم پچاس ملین بوری سستی ڈی اے پی درآمد کرنے کی کوشش کرے یامقامی منڈی میں اسکی قیمت کم کروائے یا کاشتکاروں کوسبسڈی دے ورنہ ملک میں فوڈ سیکورٹی کی صورتحال مذید خراب ہوسکتی ہے۔ میاں زاہد حسین نے مذید کہا کہ ڈی اے پی کی پچاس کلوکی بوری ایک سال قبل چھ ہزارکی تھی جواب چودہ ہزارآٹھ سوکی ہوگئی ہے جس کی قیمت ادا کرنا بہت سے چھوٹے کاشتکاروں کے بس کی بات نہیں ہے اس لئے اسکی قیمت کم کرنا ضروری ہے جبکہ یوریا کی قیمت بھی اکیس سوروپے تک کم کرنے کی ضرورت ہے ورنہ گندم کی پیداوارمیں ساڑھے پانچ لاکھ ٹن تک کی کمی واقع ہوسکتی ہے جس کے بعد گندم درآمد کرنے کے لئے بھاری اخراجات کرنا ہونگے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ کھاد کی درآمد پرمحاصل کم کئے جائیں توصورتحال میں کچھ بہتری ممکن ہے۔