ستارہ امتیاز ملنے کے اعلان پر فخر عالم کا خوشی کا اظہار

August 14, 2022

فوٹو: فائل

پاکستان کے معروف گلوکار فخر عالم نے حکومت کی جانب سے ستارہ امتیاز دیے جانے کے اعلان پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں فخر عالم نے کہا کہ تمام لوگوں کو پاکستان کا 75واں یوم آزادی مبارک ہو، میں ستارہ امتیاز کے اعلان پر بہت زیادہ خوشی اور فخر محسوس کرتا ہوں۔

فخر عالم نے کہا کہ اس موقع پر میں اللّٰہ تعالیٰ، اپنے اہلِ خانہ اور تمام دوستوں کا شکر گزار ہوں، ہم اس ملک کو بہتر بنانے کے لیے مزید نمایاں کام کریں گے، انشااللّٰہ۔

واضح رہے کہ پاکستان کے 75ویں یوم آزادی (ڈائمنڈ جوبلی) کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارنامے انجام دینے والوں کو سول ایوارڈز سے نوازنے کا اعلان کیا ہے، 253 ملکی اور غیر ملکیوں کو ایورڈز دیے جائیں گے۔

23 مارچ 2023 کو ایوان صدر میں پروقار تقریب کے دوران یہ ایوارڈز دیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ فخرِ عالم نے 10 اکتوبر 2018 کی صبح 7 بجے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر واٹرز سے مشن پرواز کا آغاز کیا تھا جو 28 دن پر محیط تھا۔

اس مشن کے تحت انہوں نے دنیا کے مختلف ممالک میں 32 اسٹاپس کیے جن میں کینیڈا، گرین لینڈ، آئس لینڈ، برطانیہ، مصر، بحرین، ڈھاکا، بینکاک، جکارتا، سنگاپور، آسٹریلیا، فلپائن، جاپان، روس، الاسکا، دبئی اور فلوریڈا شامل ہیں۔