کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ نوح دستگیر بٹ وطن پہنچ گئے

August 17, 2022

کامن ویلتھ گیمز 2022ء کے گولڈ میڈلسٹ،ویٹ لفٹرزمحمد نوح دستگیر بٹ وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

ویٹ لفٹرز محمد نوح دستگیر بٹ اور دیگر قومی ایتھلیٹس کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر شاندار استقبال ہوا اور اِن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

نوح بٹ کے علاوہ ویٹ لفٹر ہنزلا دستگیر، حیدر علی، والی بال ٹیم اور ان کے غیر ملکی کوچ بھی وطن پہنچے۔

ایئرپورٹ پر ڈی جی اسپورٹس بورڈ آصف زمان نے ایتھلیٹس کا استقبال کیا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران محمد نوح دستگیر بٹ کا کہنا تھا کہ کرکٹ ٹیم کی طرح ہمارا استقبال ہوا، پی ایس بی کے ڈی جی نے تمام قومی ایتھلیٹس کا استقبال کرکے اچھی روایت قائم کی ہے۔

دوسری جانب آصف زمان ڈی جی پی ایس بی کا کہنا تھا کہ قومی ایتھلیٹس کو انعامات کے ساتھ مزید اچھی تیاریوں کے موقع فراہم کریں گے جس ایتھلیٹ کو بیرون ملک ٹریننگ کے لیے بھیجنا ہوگا انہیں پورے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔