ایکتا کپور بالی ووڈ کے ’خانز‘ کی حمایت میں بول پڑیں

August 17, 2022

ایکتا کپور، فائل فوٹو

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کےخلاف بھارت میں جاری بائیکاٹ کے مطالبوں پر مشہور بھارتی پروڈیوسر ایکتا کپور کا ردِ عمل سامنے آگیا ہے۔

ایکتا کپور نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’یہ بہت عجیب بات ہے کہ ہم اُن لوگوں کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں جنہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری کو بہترین منافع کماکر دیا ہے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’انڈسٹری کے تمام خانز (شاہ رخ خان، سلمان خان) اور خاص طور پر عامر خان لیجنڈ ہیں، ہم ان کا بائیکاٹ نہیں کر سکتے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ عامر خان کا کبھی بائیکاٹ نہیں کیا جا سکتا، وہ ملک کے ایک نرم مزاج سفارتکار ہیں‘۔

خیال رہے کہعامر خان اپنی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی ریلیز کے بعد سے مختلف وجوہات کی بناء پر مسلسل تنقید کا شکار ہیں۔

یہاں تک کہ دہلی کے ایک وکیل نے پولیس کمشنر سنجے اروڑہ کو فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے پروڈیوسر عامر خان، ڈائریکٹر ادویت چندن، اور فلم ڈسٹری بیوٹر پیراماؤنٹ پکچرز کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروادی ہے۔

ایڈووکیٹ ونیت جندال نے الزام لگایا کہ عامر خان کی فلم میں کچھ ناگوار مناظر ہیں جن میں ہندوستانی فوج کی توہین کی گئی اور ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی۔