95ویں آسکر ایوارڈز کیلئے پاکستانی فلمسازوں کو فلمیں جمع کروانے کی دعوت

August 17, 2022

فائل فوٹو

پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے پاکستانی فلم سازوں کو 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں نامزدگی کے لیے اپنی فلمیں 2 ستمبر تک جمع کروانے کی دعوت دے دی۔

پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی پاکستانی فلم سازوں کو 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں بین الاقوامی فیچر فلم ایوارڈ کے زمرے میں نامزدگی کے لیے اپنی فلمیں 2 ستمبر 2022 کو مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے تک جمع کروانے کی دعوت دیتی ہے‘۔

پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے 9 ویں بار آسکر ایوارڈز کے لیے فلمیں جمع کروائی جارہی ہیں۔

اس سے قبل 2013 میں فلم ’زندہ بھاگ‘، 2014 میں فلم ’دختر‘، 2015 میں فلم’موور‘ ، 2016 میں فلم ’ماہِ میر‘، 2017 میں فلم ’ساون‘، 2018 میں فلم ’کیک‘، 2019 میں فلم ’لال کبوتر‘ اور فلم ’تماشا‘ 2020 میں بین الاقوامی فیچر فلم کے زمرے میں پاکستانی سنیما کی بہترین نمائندگی کرنے کے لیے منتخب کی جا چکی ہے۔

2022 کی آسکر کمیٹی کی صدارت دو بار اکیڈمی ایوارڈ اور ایمی ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے کر رہی ہیں اور کمیٹی میں علی سیٹھی [موسیقار]، عمر شاہد حامد [مصنف/اسکرپٹ رائٹر]، رافع محمود [فلم نقاد]، ثمینہ احمد، جرجیس سیجا [ٹی وی اور فلم پروڈیوسر]، بی گل [اسکرین رائٹر اور ڈائریکٹر]، رضوان بیگ [فیشن ڈیزائنر]، مو اعظمی [سینماٹوگرافر] اور زیبا بختیار [اداکارہ]شامل ہیں۔

یہ کمیٹی انٹرنیشنل فیچر فلم ایوارڈ کے لیے پاکستان کی جانب سے باضابطہ طور پر ایک فلم کا انتخاب کرے گی۔