پاکستان کے مسائل کا حل اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی ہے، سیاسی و سماجی رہنما

August 25, 2022

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) پاک سرزمين پارٹی برطانیہ کے زیر اہتمام پاکستان کے قیام کی ڈائمنڈ جوبلی اور 75ویں یوم آزادی پر پروقار تقریب برطانیہ کے دوسرے بڑے شہر برمنگھم میں منعقد کی گئی۔ مہمان خصوصی پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر الطاف شاہد نے کہا کہ پی ایس پی کا فلسفہ خدمت کا اختیار صوبائی وزیراعلی سے لے کر گلی محلوں کے لوگوں کو دے دیا جائے تو پاکستان کے 80فیصد مسائل حل ہو جائیں گے۔اس موقع پر پی ایس پی برطانیہ کےدیگر عہدیدارن کے علاوہ ,بیرسٹر،وکلاء،سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور نظریہ پاکستان کو اجاگر کرنے اور شہداء پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرار داد پاکستان کے مقاصد اسی وقت پورے ہوں گے جب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علام اقبال کے فرمودات کو عملی جامع پہنانے کے لئے ہر شخص اپنا کردار اداکرے۔تقریب میں پی ایس پی برطانیہ کے سینئر نائب صدر مرزا فیصل محمود نے چار قراردادیں پیش کیں جس میں کہا گیا کہ ہم شہباز گل کے منفی بیانات کی حمایت نہیں کرتے مگر شہباز گل کے ساتھ ریمانڈ کے نام پر بدترین ٹارچر کیا گیا اور اسے برہنا کر کے شدید تکالیف پہنچائی گئیں اور ویڈیو بنائی گئی، اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی جرأت نہ ہو۔دوسری قرار داد میں کہا گیا کہ بلدیاتی نظام کو مضبوط کئے بغیر پاکستان کی ترقی ناممکن ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب تک بلدیات کے حوالے سے معاملات آئین پاکستان میں تحریر نہ کردیئے جائیں۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ وفاقی حکومت اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈر سے مشاورت کے بعد اسمبلی میں بل پاس کر کے اس کو آئینی حیثیت دے تیسری قرار داد میں کہا گیا کہ NFC کا اجرا وفاق پاکستان کرتا ہے، اسی طرح آئین پاکستان میں PFC کا اجرا بھی درج ہے،مگر ایسا نہیں ہو رہا، ضروری ہے کہ وفاق جس وقت NFC کا اجرا کرے تو اسی وقت PFC کا بھی اجرا کر دیا جائے تاکہ یونین کونسل کی سطح پر فنڈز پہنچ سکیں اور تعمیر اور ترقی کے کام تیز ہو سکیں۔چوتھی قرار داد میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق اور ان کی تمام صوبائی ،قومی اسمبلیوں اور سینیٹ میں نشستیں مختص کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا کہ یہ دنیا بھر میں بسنے والے غیور محب وطن اور پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرنے والے 90 لاکھ پاکستانيوں کا مطالبہ ہے۔ چاروں قرار دادوں کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔ تقریب سے پاک سرزمين پارٹی برطانیہ کے صدر الطاف شاہد ،جنرل سیکرٹری امیر فیصل اعوان ،نائب صدور زبیدہ شاہد،خواجہ یونس،غلام نبی عامر، لندن کے صدرراحیل مسرور،بیرسٹر عبدالرشید مرزا، معروف وکیل زاہد چوہدری،قائد اعظم ٹرسٹ کے معروف وکیل عمر بن یامین، اوورسیز پاکستانیز کشمیر ویلفيئر کونسل کے صدر راجہ شکیل حیدر،برٹش کشمیر فورم کے چیئرمین شہزاد اقبال،برمنگھم کمیونٹی فورم کے چیئرمین راجہ شوکت علی خان، پیپلز پارٹی برطانیہ کشمیر کے جنرل سیکرٹری،تحریک انصاف کے غضنفر محمود، جہلم فورم برمنگھم کے بانی شکیل ڈار اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کی نظامت مرزا فیصل محمود نے کی ۔ تقریب میں پاکستان کا قومی ترانہ بھی پڑھا گیا اورپاکستان کی بقا،ترقی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔