سیلابی صورتحال: وزارت صحت کی ایم ڈی کیٹ امتحانات ملتوی کرنے کی درخواست

August 26, 2022

ملک میں سیلابی صورتحال کے تناظر میں وفاقی وزارت صحت نے پاکستان میڈیکل کمیشن سے ایم ڈی کیٹ امتحانات ملتوی کرنےکی درخواست کی ہے۔

سرکاری و پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ امتحانات 7 ستمبر سے شروع ہونا ہیں۔

وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق بارشوں کے سبب ملک میں سیلاب کی صورتحال ہے۔ کئی شہروں کی سڑکیں زیر آب آنے کے باعث ناقابل رسائی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے صحت اور تعلیم کے بنیادی انفرااسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، ان حالات میں ایم ڈی کیٹ امتحانات منعقد کیے گئے تو ہزاروں طلبا شریک نہیں ہو پائیں گے۔

وفاقی وزارت صحت کے حکام نے مزید کہا کہ ان حالات میں پاکستان میڈیکل کمیشن سے ایم ڈی کیٹ امتحانات ملتوی کرنے کی درخواست کی جاتی ہے۔

دریں اثناء پاکستان میڈیکل کمیشن کے مطابق ایم ڈی کیٹ امتحانات کے لئے دو لاکھ سے زائد طلبہ رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ لہٰذا ایم ڈی کیٹ امتحانات ملتوی کرنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔