ٹماٹر، پیاز کی درآمد پر ٹیکس نہ لگانے کا نوٹیفکیشن جاری

September 01, 2022

فائل فوٹو

وفاقی حکومت نے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ دے دی، کابینہ کی منظوری کے بعد ایف بی آر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹماٹر اور پیاز کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ 31 دسمبر 2022 تک ہوگی۔

پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر سیلز ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس کی چھوٹ دی گئی ہے۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سے موصول ہونے والے سامان پر بھی کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔

زرائع کا کہنا ہے کہ تمام اشیاء این ڈی ایم اے کی تصدیق کے بعد ٹیکس اور ڈیوٹی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

واضح رہے کہ ملک میں حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب کے باعث صوبائی داراحکومت کی مختلف سبزی منڈیوں میں شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھو نے لگی ہیں۔

ان حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سبزی فروشوں نے بھی مصنوعی مہنگائی کر دی ہے۔