ڈی جی نادرا کے پی کو عہدے سے ہٹائیں، ان کی دہری شہریت ہے، نور عالم خان

September 21, 2022

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین نور عالم خان نے کہا ہے کہ ڈی جی نادرا خیبر پختونخوا کو دہری شہریت ہونے پر عہدے سے ہٹایا جائے۔

چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نور عالم خان نے کہا کہ ڈی جی نادرا کے پی کو عہدے سے ہٹائیں، ان کی دہری شہریت ہے، وہ بہت حساس جگہ پر تعینات ہیں۔

نور عالم خان نے کہا کہ سرکاری افسر، خود مختار ادارے کے سربراہان پاکستان میں کام کرنا چاہتے ہیں تو دہری شہریت چھوڑیں، نادرا میں موجود دہری شہریت کے افسران کو حساس مقامات پر تو تعینات نہ کریں۔

چیئرمین نادرا نے کہا کہ حساس اداروں میں کام کرنے والے افسران ریٹائرمنٹ پر پاکستانی شہریت چھوڑ کر امریکا کے لیے پی او سی لے لیتے ہیں، ایسے 500 حساس افراد کی فہرست ہے۔

نور عالم خان نے کہا کہ ان افراد کی فہرست پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو فراہم کی جائے۔

چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ 43 لوگوں کو کرپشن پر نکالا گیا، 2600 لوگوں کے کیسز کو دیکھ رہا ہوں۔

چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ جن کو نکالا گیا اور وہ دوبارہ نادرا میں آئے، ان کی فہرست بھی فراہم کریں، افغان مہاجرین شناختی کارڈ بنوا رہے ہیں اس پر نظر رکھیں۔