بھینس کے باڑوں اور آبادیوں کا فضلہ بغیر ٹریٹمنٹ کے ملیر ندی میں ڈالنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

September 29, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سپر ہائی وے پر قائم بھینس کے باڑوں اور آبادیوں کا فضلہ بغیر ٹریٹمنٹ کے ملیر ندی میں ڈالنے کیخلاف رہائشیوں کا محکمہ ماحولیات سندھ کے صدر دفتر پر احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق ملیر کے قدیم گوٹھوں کے رہائشیوں نے بدھ کو محکمہ ماحولیات سندھ کے دفتر پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ ملیر ماحولیاتی ایکشن کمیٹی کے آرگنائزر صدیق بلوچ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سپر ہائی وے پر قائم ڈیری فارمز کئی سالوں سے بھینسوں کا سیکڑوں ٹن گوبر بغیر ٹریٹمنٹ ملیر ندی میں ڈال رہے ہیں ، ٹیکسٹائل ملز اور فیکٹریوں کا کیمیکل ملا پانی اور سپر ہائی وے پر قائم مہنگی ہاوسنگ سوسائیٹیز کا فضلہ بھی ملیر ندی میں براہ راست ڈالا جا رہا ہے صدیق بلوچ نے کہا کہ ملیر ندی میں آلودگی سے گوٹھوں میں پینے کے پانی کے کنویں زہریلے ہو گئے ہیں علاقے میں ہائپاٹائٹس سی کے مریضوں کی شرح بہت زیادہ ہے۔