عمران ایف آئی اے کی تحقیقات قبول نہیں کریں گے، محمد زبیر

October 04, 2022

کراچی(ٹی وی رپورٹ)ترجمان نواز شریف رہنما مسلم لیگ نون محمد زبیر نے کہا ہے کہ عمران خان ایف آئی اے کی تحقیقات قبول نہیں کریں گے، امجد پرویز وکیل مریم نوازنے کہا کہ چوہدری شوگر کے حوالے سے نیب کے پاس کوئی میٹریل تھا نہ کوئی شہادت تھی، وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں گفتگو کررہے تھے، پروگرام میں تجزیہ کاروں کامران یوسف اور ارشاد بھٹی نے بھی اظہار خیال کیا۔ جیو نیو زپروگرام میں میزبان منیب فاروق نے کہا کہ عمران خان آج عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت ان کے رویے سے مطمئن نظر آئی عدالت تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔ مریم نوازکا اپنا مقدمہ اپنی جگہ موجود ہے ان کے پاسپورٹ دینے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔لاہور ہائیکورٹ نے چودہری مونس الٰہی کے خلاف بھی عدالت نے مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے دیا۔ ترجمان نواز شریف،مسلم لیگ نون کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان خود مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ سائفر کی تحقیقات ہونی چاہئے حالانکہ جو دوسری نیشنل سیکورٹی کی میٹنگ ہوئی تھی اس موضوع پر جب نئی حکومت آئی تھی تو اس کے جو منٹس آئیں گے اس میں واضح تھا کہ اس کی تحقیقات ایجنسیز نے کر لی ہے اور اس نتیجے پر پہنچی ہے اور اس کو نیشنل سیکورٹی کمیٹی نے تصدیق کی تھی کہ یہ کوئی سازش نہیں تھی۔ ایف آئی اے ایک ادارہ ہے جس کو حکومت استعمال کرسکتی ہے ہر طرح کی تحقیقات کے لیے لیکن عمران خان ا سکو قبول نہیں کریں گے ۔عمران خان کہتے ہیں سازش امریکہ کی طرف سے ہوئی لیکن نہ وائٹ ہاؤس، نہ پینٹاگون نہ ہی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ پر الزام لگاتے ہیں بلکہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک آفیسر کا نام لیتے ہیں۔ محمد زبیر نے کہا کہ ہم یہاں ہر بات نہیں کرسکتے یہاں تک کہ عمران خان بھی اشاروں کنایوں میں بات کرتے ہیں مسٹر ایکس، مسٹر وائی کہتے ہیں۔ دونوں سابق وزرائے اعظم کی ٹیپس آئی ہیں وہ کیسے آئیں یہ قابل تشویش ہے۔