ایلون مسک نے ’سائبر ٹرک‘ کے نئے فیچر سے آگاہ کردیا

October 04, 2022

ٹیسلا کمپنی کے بانی ایلون مسک نے 2023 کے وسط میں لانچ ہونے والے ’سائبر ٹرک‘ کے نئے فیچر سے سوشل میڈیا صارفین کو آگاہ کر دیا۔

مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ شیئر کرتے ہوئے ایلون مسک نے بتایا کہ ’سائبر ٹرک‘ اب تک کا سب سے مضبوط، طاقت ور اور محفوظ ٹرک ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ٹرک واٹر پروف سے زمین کے ساتھ ساتھ یہ پانی میں بھی چل سکتا ہے۔

طویل مدت سے ’سائبر ٹرک‘ کے منتظر سوشل میڈیا صارفین نے ایلون مسک کے دعوے پر تجسس اور بے صبری کا اظہار کرتے ہوئے ان سے دریافت کیا کہ یہ سائبر ٹرک عام صارفین کے لیے کب تک پیش کیا جائے گا۔

جبکہ بعض سوشل میڈیا صارفین نے ’سائبر ٹرک‘ کو ’سی بر ٹرک‘ (Sea-ber Truck) قرار دیتے ہوئے اس کی تصویر کو ایڈیٹ کرکے شیئر کی۔

یاد رہے کہ 2019 میں پہلی بار امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے ’سائبر ٹرک‘ کی تقریبِ رونمائی کی تھی۔

اس تقریب میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اس ٹرک کو اسٹینلیس اسٹیل سے تیار کیا گیا ہے جس سے راکٹز تیار کئے جاتے ہیں اور یہ عام اسپورٹ کار سے تیز رفتار ہوگا۔

اسی تقریب میں ٹرک کے شیشوں کی پائیداری ٹیسٹ کرنے کے لیے کیا جانے والا تجربہ بری طرح ناکام ہوا تھا۔ جس کے بعد ٹرک کو بہتر بنانے کی خاطر اس کی لانچ کو ملتوی کردیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ سائبر ٹرک کی لانچ کا کئی بار اعلان کیا گیا تھا لیکن اس میں ہر بار تاخیر ہوتی رہی ہے تاہم اب ایلون مسک کا کہنا ہے کہ 2023ء کے وسط میں اسے لانچ کر دیا جائے گا۔