اگر ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ان کے نہیں تو کس کے ہیں؟ فواد چوہدری

October 04, 2022

فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز نے یہ نہیں بتایا کہ اگر ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ان کے نہیں ہیں تو کس کے ہیں؟

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو ہدف تنقید بنایا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے طویل پریس کانفرنس میں یہ نہیں بتایا کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس، لندن میں حسن نواز کی اربوں روپے کی ملکیت کی جائیدادیں اگر ان کی نہیں ہیں تو کس کی ہیں؟

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ عدالتی فیصلے کی طرح مریم نواز بھی اس مرکزی نکتے پر خاموش ہیں۔

اس سے قبل اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا تھا کہ چوروں کو نظام ریاست پر حاوی ہوتا دیکھ کر قانون پر عمل پیرا ہر شہری تشویش میں مبتلا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کو چھوٹے مجرم ہونے پر افسوس ہو رہا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کی تاریخ آنے کی دیر ہے، مستقبل کے فیصلے عوام کریں گے۔