مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کا راستہ صاف ہے، عدالت میں صرف ایک درخواست دینی باقی ہے۔
لاہور میں مریم اورنگزیب و دیگر کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کب واپس آئیں گے؟ یہ فیصلہ بھی وہ خود ہی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جج صاحب ثبوت مانگتے رہے، میرے خلاف ثبوت نہیں ملا، ڈیل کی باتیں کرنے والوں کے منہ پر قدرت نے زناٹے دار تھپڑ مارا ہے۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ آج مجھے پاسپورٹ مل گیا ہے، جلد نواز شریف سے ملنے لندن جارہی ہوں، والدہ کی وفات کے بعد سے اپنے بھائیوں سے بھی نہیں ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لندن میں اپنی سرجری بھی کرانی ہے، جو پاکستان میں نہیں ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ظلم ہمیشہ کےلیے نہیں ہوتا، اسحاق ڈار صاحب نے ایک دن تو آنا ہی تھا، ان کی واپسی آپ کے منہ پر قدرت کا زناٹے دار تھپڑ ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ اسحاق ڈار صاحب ملک کو بڑے بڑے بحرانوں سے نکال چکے ہیں، اکانومی میں بہتری کے اشارے مل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بیگناہی کے ثبوت آجائیں، کیا یہ این آر او ہے؟ ن لیگی قائد جلد وطن آئیں گے، اللّٰہ کرے وہ میرے ساتھ ہی واپس آئیں۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ فارن فتنہ کہتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کا بڑا مقام ہوتا ہے، خبردار جو تم نے عورت کا نام بھی لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ذاتی حملہ نہیں کرنا چاہتی، پر دنیا جانتی ہے، عمران خان کا خواتین کے بارے میں ٹریک ریکارڈ کتنا خراب ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مجھے پتہ ہے تم فرسٹریشن میں میرے خلاف کیسے جملے کستے ہو، جلسے میں عمران خان نے کہا کہ مریم نواز میرا اتنا نام لیتی ہے کہیں صفدر ناراض نہ ہوجائے، یہ ہوتی ہے خواتین کی عزت؟
انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ ہے تم خواتین کی کتنی عزت کرتے ہو، آج کل بھی تمہاری ساری تقریر میرے خلاف ہوتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مریم نواز نے کبھی بھی فائدے کےلیے خاتون کارڈ نہیں کھیلا، کیا خاتون صرف وہ ہے، جو بنی گالہ میں بیٹھی ہے؟ مجھے حراست میں رکھا گیا، کیا میں خاتون نہیں تھی؟
ان کا کہنا تھا کہ جب مجھے جیل میں ڈالا گیا تو کیا میں خاتون نہیں تھی؟، میں اس وقت بھی خاتون تھی جب تم نے اڈیالہ جیل میں پھینکا تھا، میں نے اللّٰہ کے فضل سے ڈٹ کر تمہارے انتقام کا مقابلہ کیا، فتنہ خان اور مخالفین کا شکریہ کہ مجھے مریم نواز بنا دیا۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ میں آج بھی’وکٹم کارڈ‘ نہیں کھیلتی، والد سے ملاقات کےلیے گئی تو مجھے حراست میں لے لیا گیا، قومی احتساب بیورو (نیب) نے مجھے 57 دن بے بی ڈے کیئر سینٹر میں حبس بے جا میں رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب نے مجھے بلایا، تو میری گاڑی پر پتھراؤ کیا گیا، خاتون کے ساتھ یہ سلوک کیا جاتا ہے؟ خواتین کی عزت کا عمران خان کا دعویٰ اور ان کا عمل الگ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جس کیس میں مجھے حراست میں لیا گیا تھا، وہ آج تک بنا ہی نہیں، نیب حکام حراست میں تفتیس کے نام پر مجھ سے پوچھتے تھے کہ آپ پاولو کوہلو کیوں پڑھ رہی ہیں۔
انہوں نے اس دوران استفسار کیا کہ 3 سال تک میرا پاسپورٹ ضبط کیوں رکھا گیا؟ سوال یہ ہے کہ کیوں ایک جھوٹا مقدمہ بنایا گیا؟ کیوں جھوٹا مقدمہ 6 سال چلایا گیا؟
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ مجھ سے پہلے نیب کیسز میں خواتین کو حراست میں رکھنے کی کوئی مثال نہیں ملتی۔