ہر دن عمران خان کی منافقت سے پردہ اٹھ رہا ہے، شیری رحمان

October 07, 2022

وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ عمران خان کی منافقت اور دہرے معیار سے پردہ اٹھ رہا ہے۔

ایک بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان گزشتہ آڈیو لیک میں ملکی مفادات کے خلاف سازش اور نئی آڈیو میں وہ ہارس ٹریڈنگ کرتے ہوئے پائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین پر ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کا الزام لگانے والےخود 5 ارکان خریدنے کا دعویٰ کر رہے ہیں، اپنی باری پر یہ لوگوں کو کہہ رہے ہیں کہ صحیح اور غلط میں فرق نہ کریں۔

پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ ‏ہر گزرتے دن کے ساتھ عمران خان کی منافقت اور دہرے معیار سے پردہ اٹھ رہا ہے، عمران خان عدم اعتماد ناکام کرنے کے لیے آخری دن تک ارکان خریدنے کی کوشش کرتے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہارس ٹریڈنگ میں ناکام ہوئے تو انہوں نے سائفر کی آڑ میں سازشی بیانیہ بنایا، آڈیو لیک ثبوت ہے عمران خان عدم اعتماد ناکام کرنے کے لیے اپوزیشن کے ووٹ خریدنے کی کوشش کر رہے تھے۔

شیری رحمان نے یہ بھی کہا کہ ملک کا سابق وزیراعظم دعویٰ کر رہا ہے کہ انہوں نے 5 ارکان خریدے ہیں، عمران خان کو اب بتانا ہوگا کہ انہوں نے 5 ارکان کیسے خریدے؟