چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ چار لوگوں نے مجھے مروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
میانوالی میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ مجھے کچھ بھی ہوا تو ٹیپ ریلیز ہوگی، اس میں 4 لوگوں کے نام پوری قوم کے سامنے آئیں گے،ان لوگوں کو میری قوم معاف نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ چار لوگوں نے مجھے مروانے کا فیصلہ کیا ہے، اگر کسی نے مجھے قتل کیا تو یہ لوگ کہیں گے قاتل مذہبی جنونی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ میرے خلاف پلاننگ کرنے والے ناکام ہوجائیں گے، ہمیں جیلوں میں ڈالنے سے نہ ڈراؤ، ابھی جیل بھرو تحریک شروع کرنے لگا ہوں۔
ان کا کہنا تھاکہ حکمران صرف اپنے کرپشن کے کیسز ختم کر رہے ہیں، انہوں نے قومی احتساب بیورو (نیب) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں اپنے لوگوں کو بٹھا کر کیسز ختم کرائے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ یہ ہر طرف سے مار کھارہے ہیں، انہوں نے جعلی آڈیوز بنائی ہیں، جو لیک کی جارہی ہیں، ن لیگ میں جعلی ویڈیوز بنانے کی ماہر مریم نواز ہیں۔