سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کی شادی کب اور کہاں ہوگی؟

November 08, 2022

بالی ووڈ کی معروف جوڑی اداکار سدھارتھ ملہوترا اور اداکارہ کیارا ایڈوانی اپنی شادی کے حوالے سے پچھلے کچھ عرصے سے بھارتی میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی نے اپنے تعلقات کو کافی عرصے تک خفیہ رکھا لیکن کرن جوہر کے مشہور شو ’کافی ود کرن‘ کے سیزن 7 میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ دونوں اداکار صرف ایک دوسرے کے اچھے دوست نہیں بلکہ ان کا تعلق دوستی سے زیادہ گہرا ہے۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں انڈسٹری کے ایک بھروسہ مند ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بتایا گیا ہے کہ سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کی شادی رواں سالدسمبر کے دوسرے ہفتےمیں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق، سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی دسمبر کے دوسرے ہفتے میں چندی گڑھ میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، اس شادی میں پنجابی اور سندھی روایات اور رسومات کا مکسچر دیکھنے کو ملے گا۔

بھارتی میڈیا پر سامنے آنے والی تازہ ترین رپورٹس کے مطابق، سدھارتھ اور کیارا نے اپنی شادی کے لیے چنڈی گڑھ میں ایک فائیو اسٹار ہوٹل اوبرائے سکھ ولاس سپا ریزورٹ کا انتخاب کیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ وہی ریزورٹ ہے جہاں گزشتہ سال اداکار راجکمار راؤ اور اداکارہ پترالیکھا کی شادی ہوئی تھی۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شادی کی تیاری جاری ہے لیکن اس حوالے سے میڈیا کے سامنے کوئی بات نہیں کی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیا پر سامنے آنے والی خبروں کے پیشِ نظر کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ سدھارتھ اور کیارا میڈیا کو اپنی شادی سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایک بار جب سب کچھ تیار ہو جائے گا اور جوڑے کی شادی کی تیاری کا کام مکمل ہوجائے گا تو شاید وہ اپنی شادی کا باضابطہ اعلان کریں گے لیکن ابھی اس حوالے سے وہ کوئی تفصیلات ظاہر نہیں کرنا چاہتے ہیں۔