خان صاحب چوری پکڑی گئی ہے اب رسیدیں نکالو، مصدق ملک

November 17, 2022

وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ خان صاحب چوری پکڑی گئی ہے اب رسیدیں نکالو، جبکہ اب پنجاب حکومت فرح گوگی کو بلا کر تفتیش کرے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان نہ صادق ہیں نہ امین۔ ایک ارب 70 کروڑ کی گھڑی 5 کروڑ میں خریدی اور 6 کروڑ میں بیچ دی، پھر کہتے ہیں کرپشن نہیں کی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان نے کاغذ لہرا کر کہا کہ امریکا نے حکومت بدلنے کی سازش کی اور پھر وہ کاغذ کھو دیا۔ کہا کہ وہ اور ادارے ایک پیج پر ہیں، پھر شہدا کے خلاف مہم چلائی، پہلی بات مانیں یا دوسری؟

مصدق ملک نے مزید کہا کہ متواتر کئی جلسوں میں آرمی چیف کی تقرری کو متنازع بنایا، پھر کہہ دیا یہ تقرری ان کا ایشو ہی نہیں، پہلی بات مانیں یا دوسری؟ آج تک کوئی شعر ہی ایسا ہوگا جو بھائی نے صحیح پڑھا ہو۔

انہوں نے کہا کہ کوئی اَن ڈکلیئرڈ پیسے باہر لے جائے یا ملک میں لے آئے، یہ منی لانڈرنگ ہے، توشہ خانہ میں خان صاحب کہتے ہیں ایک ایک ہیرا 500 روپے کا خریدا، خان صاحب کہتے ہیں 500 روپے کا ہیرا خرید کر 1000روپے کا بیچنا کرپشن نہیں۔