انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر کی آسٹریلوی بیٹر کو تنگ کرنے کی کوشش

November 18, 2022

فوٹو، اسکرین گریب

اتوار کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی انگلینڈ ٹیم گزشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ میں ایکشن میں نظر آئی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ کے دوران ہدف کا تعاقب کرتی آسٹریلوی ٹیم کے بیٹر کیمرون گرین کو انگلینڈ کے کپتان اور وکٹ کیپر جوز بٹلر نے تنگ کرنے کی کوشش کی۔

اننگز کے 41 ویں اوور میں کیمرون گرین نے اسپن بولر لیام ڈاسن کے خلاف بڑا شاٹ کھیلنا چاہا تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے، جس کے بعد انگلینڈ کے کپتان نے وکٹ کے پیچھے سے انہیں جملے بول کر تنگ کرنے اور دھیان ہٹانے کی کوشش کی۔

انگلینڈ کے کپتان کے جملوں کو وکٹ کے پیچھے لگے مائیک نے ریکارڈ کرلیا۔

جوز بٹلر نے کہا کہ اچھا لگا کہ کوئی شاٹ کھیل رہا ہے جس کے بعد کیمرون گرین نے اگلی گیند پر بہت ہی دفاعی انداز اپنایا۔

اس بار انگلینڈ کے کپتان نے ان کا دھیان بٹانے کے لیے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا ذکر کیا۔

جوز بٹلر نے چیختے ہوئے کہا کہ ’ بڑی نیلامی آرہی ہے‘۔

اس موقع پر جوز بٹلر کے جملوں پر آسٹریلوی بیٹر نے صرف مسکرا کر ہی ردعمل دیا۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق اگلے سال ہونے والی آئی پی ایل کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی دسمبر میں ہوگی۔

آسٹریلیا نے عالمی چیمپیئن انگلینڈ کو پہلے ون ڈے میچ میں 6 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 287 رنز بنائے تھے۔

ہوم ٹیم نے 288 رنز کا ہدف 47ویں اوور میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔